اسلام آباد، مظفر آباد(ایجنسیاں)پاکستان مسلم لیگ (ن)نے آزادکشمیر میں پیپلز پارٹی کا تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ (ن)لیگ آزاد کشمیر حکومت کا حصہ نہیں بنے گی۔ قمر زمان کائرہ اور احسن اقبال کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت مسائل پیدا کرنے کا سبب ،ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہی ،جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر انوار الحق کا کہنا ہے کہ نمبر گیم پورا ہے تو عدم اعتماد کیوں نہیں لاتے؟ وزیراعظم آزاد کشمیر جب تک اختیار ہے اپنے فرائض انجام دیتا رہوں گا۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن)نے آزاد کشمیرمیں پیپلز پارٹی کاتحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کااعلان کیا ہے۔ پیرکوایوان صدر میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے رہنماؤں کی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نے فیصلہ کیا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت پر اعتماد نہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مدت پوری ہونے کے بعد آزاد کشمیر میں فری اینڈ فیئر الیکشن ہوں گے۔اس موقع پرپیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ موجودہ آزاد کشمیر کی حکومت مسائل حل کرنے کے بجائے مسائل پیدا کرنے کا سبب بن گئی، مسلم لیگ ن کا فیصلہ ہے کہ یہ آزاد کشمیر میں اپوزیشن میں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام لانا ہے، مسائل کا حل نکالنا ہے، ہم نے مسلم لیگ (ن) اور انہوں نے پیپلز پارٹی کے فیصلے کو مانا ہے۔اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں آزاد کشمیر کا موجودہ سیٹ اپ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے اور عوام کی امنگوں پر پورا اترنے میں ناکام رہا ہے۔