لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر بون میرو ٹرانسپلانٹیشن کے پراجیکٹ کو جلد شروع کرنا چاہتے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی میں بون میرو ٹرانسپلانٹیشن کے حوالے سے اہم اجلاس منعقدہوا۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر محمد وسیم، ڈائریکٹر جنرل پی ہوٹا پروفیسر محمد عامر زمان خان، صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹر محمد اظہار چوہدری و دیگر افسران نے شرکت کی۔وڈیو لنک کے ذریعے سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر محمد ثاقب عزیز، بون میرو ٹرانسپلانٹ فزیشن ڈاکٹر ایاز میر، میجر جنرل پرویز احمد و دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران بون میرو ٹرانسپلانٹیشن کے پراجیکٹ کے حوالہ سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔دوسری جانب حکومت پنجاب کی جانب سے الحمراءآرٹ کونسل میں یوم سیاہ کے حوالے سے پر وقار تقریب کا انعقادکیاگیا۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔انہوں نے اس موقع پر کشمیری عوام پر بھارتی فوج کے ظلم و بربریت کے بارے تصویری نمائش کا بھی افتتاح کیا۔بعد ازاں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔