لاہور(خبرنگار)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دھی رانی پروگرام کی تقریب۔ ساہیوال کے 135 جوڑے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ نوبیاہتا جوڑوں میں دو مسیحی برادری اور ایک خصوصی جوڑا بھی شامل تھا۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ ممبر پنجاب اسمبلی محمد ارشد ملک، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل،ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عصمہ نورین اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عباس چوہان بھی موجود تھے۔ نوبیاہتا جوڑوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے دو لاکھ روپے سلامی بھی تقسیم کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ نے نوبیاہتا جوڑوں کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ دھی رانی پروگرام وزیر اعلیٰ مریم نواز کا معاشرہ کے لئے تاریخ ساز انقلابی اقدامات ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹیوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لئے دھی رانی پروگرام شروع کیا گیا۔