کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کے ایم سی ،ٹاوئنز اور دیگر بلدیاتی ادارے تجاوزات ہٹانے میں ناکام ،شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز نے مہم سنبھال لی، حیدری مارکیٹ میں بلدیہ عظمی کراچی کی جانب سے قائم کئے گئے کیبنز بھی ہٹادئے ،تفصیلات کے مطابق کراچی کی انتظامیہ نےفٹ پاتھوں اور سڑکوں کو گھیر کر بنے ہوئے ہوٹلوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے اور مختلف علاقوں میں فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر رات گئے تک کھلےرہنے والے ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کی گئی ،ڈپٹی کمشنر وسطی طحہ ٰسلیم نے کمشنر کراچی کو رپورٹ پیش کی ہے کہ ضلع وسطی میں اسسٹنٹ کمشنر لیاقت آباد ڈاکٹر سارا خان نے پولیس اور ٹاؤن کے تعاون سے ڈاکخانہ اور لیاقت آباد نمبر چار پر ایسے چا ر ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کرکے سیل کر دیا گیا، اسسٹنٹ کمشنر نے کہا ضبط کیا گیا سامان واپس نہیں کیا جاے گا،ڈپٹی کمشنر کورنگی مسعود بھٹو نے شاہ فیصل کالونی میں شمامہ شاپنگ سینٹر تا شاہراہ بھٹو فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کر دیا ، نارتھ ناظم آباد میں حیدری مارکیٹ میں اوپن اسپیس پر بلدیہ عظمی کی جانب سے قائم کئے گئے کیبنز ہٹادئے گئے ، اسسٹنٹ کمشنر فیروزآباد بلال علوی نے شاہراہ قائدین گرین بیلٹ پر غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کرے 13 موٹر سائیکلوں کو ضبط کر لیا،کارروائی میں پولیس ٹریفک پولیس نے بھی حصہ لیا۔