کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ نوجوان طالبعلم ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی ہمارے مستقبل کی ضمانت ہے،شہری امور میں نوجوانوں کی شرکت سے نہ صرف بہتر فیصلے کیے جا سکتے ہیں بلکہ جدید سوچ کے ذریعے کراچی کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے نوجوانوں کو ترقی و خوشحالی کے سفر میں ہراول دستہ سمجھتی ہے، یہی وجہ ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دروازے تعلیمی اداروں کے لیے کھلے ہیں تاکہ طلبہ عملی طور پر شہری نظام کو سمجھ سکیں، یہ بات انہوں نے جامعہ کراچی، حبیب یونیورسٹی اور میلینیئم انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی انٹرپرینورشپ (MITE) کے طلبا و طالبات کے وفد سے صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مطالعاتی دورے کے بعد ملاقات کے موقع پر کہی، اس موقع پر طلبا و طالبات کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ارتقاء سے موجودہ میئر کراچی اور ڈپٹی میئر کراچی کی تمام کاوشوں سے روشناس کروایا گیا جو وہ کراچی کی ترقی کے لئے کررہے ہیں، وفد نے میونسپل کمشنر آفس، 1339کمپلین سینٹر، کونسل ہال اور بلدیاتی نظام کے دیگر شعبوں کا بھی معائنہ کیا، ڈپٹی میئر کراچی نے اس موقع پر مختلف سوالات کے جوابات دیئے اور طلبہ کو شہری منصوبہ بندی، بلدیاتی خدمات اور انتظامی ڈھانچے کے بارے میں آگاہ کیا۔