• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ای چالان سسٹم کے نام پر عوام کو لوٹا جارہا ہے، منعم ظفر

کراچی(اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ کے ہمراہ ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ای چالان سسٹم کے نام پر عوام کو لوٹا جا رہا ہے، کل ہی اس نظام کے افتتاح کے بعد صرف 6 گھنٹوں میں سوا کروڑ روپے کے چالان کیے گئے، کراچی کی سڑکیں کچے علاقوں سے بھی بدتر ہیں لیکن جرمانے عالمی معیار کے مقرر کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں یہی جرمانے دس گنا کم ہیں جبکہ سندھ حکومت عوام کو شعور دینے کے بجائے صرف جرمانوں سے خزانہ بھرنے میں لگی ہے،رواں سال کراچی میں 700شہری ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوچکے ہیں اور 10ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ بھاری گاڑیوں کی وجہ سے 205 اموات ہوئیں، ٹینکر، ٹریلر اور ڈمپر عوام کے لیے موت کا پروانہ بن چکے ہیں۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ ٹریفک کے نظام اور ای چالان کے سسٹم کا از سر نو جائزہ لیا جائے،انہوں نے کے الیکٹرک کی نااہلی و ناقص کارکردگی کے حوالے سے کہا کہ نیپرا کی جانب سے جماعت اسلامی کی نظرِ ثانی اپیل پر بجلی کا ٹیرف 7روپے 60پیسے کم کیے جانے کے بعد کے الیکٹرک کی چیخیں بلند ہونا شروع ہوگئی ہیں،گزشتہ 20برس میں عوام پر بجلی کے بم گرانے والا سب سے بڑا پاور سیکٹر مافیا بن چکا ہے، سی ای او مونس علوی لوڈشیڈنگ اور بلیک آؤٹ کی دھمکیاں دے کر عوام کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،کے الیکٹرک اب قومی خزانے پر بوجھ بن چکی ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید