اسلام آباد (ساجد چوہدری ) نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز و ٹیکنالوجی (نسٹ ) میں سالانہ کانووکیشن ویک 2025 اختتام پذیر ہوگیا، مجموعی طور پر5736طلباء و طالبات کو بیچلر، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں تفویض کی گئیں، تقریب میں انجینئرنگ و ٹیکنالوجی، کمپیوٹنگ و آئی ٹی، لائف سائنسز و میڈیسن، آرٹس و ہیومینیٹیز، نیچرل سائنسز، سوشل سائنسز، اور بزنس و مینجمنٹ کے سات بنیادی شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے گریجویٹس نے اپنی اسناد حاصل کیں، مہمان خصوصی وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے ماسٹر کانووکیشن تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں تمغے تقسیم کئے ، اپنے خطاب میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے گریجویٹس، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ نسٹ ملک کے بہترین تعلیمی اداروں میں شمار ہوتا ہے جہاں کے فارغ التحصیل طلبہ پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے یہ موقع صرف تعلیم مکمل کرنے کا نہیں بلکہ اپنے ملک کی خدمت اور ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کا ہے، انہوں نے کہا ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر مزید آگے بڑھائیں،ریکٹر نسٹ ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے کہا کہ کانووکیشن صرف ایک تعلیمی سفر کا اختتام نہیں بلکہ امکانات کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں میں نسٹ نے غیر معمولی ترقی کی ہے اور آج یہ ادارہ جدت، تحقیق اور خدمتِ انسانیت کے جذبے سے سرشار نوجوانوں کی نرسری بن چکا ہے، انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی صلاحیتوں کو اپنے، اپنے خاندان، معاشرے اور سب سے بڑھ کر اپنے وطن پاکستان کی بہتری کے لیے بروئے کار لائیں۔