• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت سے جنگ میں ترکیہ چٹان کی طرح پاکستان کیساتھ کھڑا رہا، وزیراعظم

اسلام آباد (رانا غلام قادر،صالح ظافر) وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہے کہ بھارت سے جنگ کے دوران ترکیہ چٹان کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا، ہمارے دل ترک بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، جنگ ہو،تباہ کن زلزلہ ہو یا سیلاب، ترکیہ مدد میں ہمیشہ پیش پیش رہا،ترک صدر کی غیر معمولی قیادت کے باعث ترکیہ جدت،تہذیب ،ثقافت اکا امتزاج بن چکا ہے، پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات اسٹریٹجک( تزویراتی) شراکت داری کے ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں، ہمیں اپنے ترک بھائیوں کی کامیابیوں اور کارناموں پر فخر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ترکیہ کے 102ویں قومی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب اور پرسماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات قریبی مذہبی،ثقافتی رشتوں سے جڑے ہیں، پاکستان کا ترکیہ کے ساتھ محبت اور خلوص کا رشتہ ہے، ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، جنگ ہو،تباہ کن زلزلہ ہو یا سیلاب،ترکیہ مدد میں ہمیشہ پیش پیش رہا،بھارت کے ساتھ جنگ میں ترکیہ پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے دشمن کو سبق سکھایا، فیلڈ مارشل اور ایئر چیف کی قیادت میں افواج نے بھارت کو سبق سکھایا۔ ترکیہ کے 102ویں یوم جمہوریہ کے موقع پرسماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ترک صدر رجب طیب ایردوان اور ترکیہ کے برادر عوام کو ترکیہ کے یوم جمہوریہ پر مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں اور اس حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پیغام میں کہا کہ گزشتہ دہائیوں کے دوران صدر ایردوان کی جرات مندانہ اور متحرک قیادت میں ترکیہ کی شاندار تبدیلی اور معاشی بحالی کو عالمی پذیرائی حاصل ہوئی ، پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات، جغرافیے اور وقت سے بالا تر ، مشترکہ عقیدے، تاریخ اور بھائی چارے کی بنیاد پر استوار ہیں ۔ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا ہماری بہادر مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی قیادت میں چار دن میں دشمن کو بھرپور سبق سکھایا،ترکیہ نے ہمیشہ فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے پاکستانی موقف کی حمایت کی ،پاکستان بھی قبرص کے معاملے پر ترکیہ کے موقف کی حمایت کرتا ہے،ہمارے دل ترک بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،ترکیہ کے قومی دن پر آج اسلام آباد میں ترکیہ اور پاکستان کے پرچم لہرا رہے ہیں، ترکیہ کی ترقی اور خوشحالی کا سفر قابل فخر کامیابیوں سے عبارت ہے،،پاکستان اور ترکیہ کا اس بات پر مکمل اتفاق ہے کہ ہم ہر دکھ سکھ میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے، ہم ہمیشہ کیلئے بھائی اور دوست ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عرفان نزیر اوگلو نہ صرف ترکیہ بلکہ پاکستان کے بھی سفیر ہیں۔قبل ازیں پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نزیر اوگلو نے ترک صدر رجب طیب ایردوان کا پیغام پڑھ کر سنایا۔وزیراعظم نے یوم جمہوریہ کے موقع پر ترکیہ کی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد دی اور ترکیہ کے یوم جمہوریہ کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا۔ تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار ،وفاقی وزراء، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ ترکیہ کے قیام کی 102ویں سالگرہ پر اسلام آباد میں پرجوش جشن اور دوستی کے پیغامات، وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب میں شرکت کی۔ ترک صدر رجب طیب اردوان کے ʼسنچری آف ترکیہ وژن اور پاک ترکی تعلقات کو سراہا گیا۔ اسلام آباد میں ترکیہ کے 102ویں یومِ تاسیس کی رنگا رنگ تقریبات میں وفاقی دارالحکومت کو ترک پرچموں اور اردوان کے بڑے تصاویر سے مزین کر کے جشن کا منظر پیش کیا گیا۔ ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نذیروغلو کی جانب سے ایک نئے فائیو اسٹار ہوٹل میں منعقدہ پرہجوم استقبالیہ میں وزیراعظم شہباز شریف مہمانِ خصوصی کے طور پر مختصر طور پر شریک ہوئے اور مصطفیٰ کمال اتاترک کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے صدر ایردوان کی پاکستان کے ساتھ محبت کا شکریہ ادا کیا؛ سفیر نے صدر کے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے حکومتِ ترکی کے "سنچری آف ترکیہ" اہداف، دفاعی صنعت، معیشت، تعلیم، زراعت اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں بریک تھروز اور دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو اجاگر کیا۔
اہم خبریں سے مزید