اسلام آباد (نامہ نگار) فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں "تجارتی اصول اور اخلاقیات سیرت النبی کی روشنی میں" کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا۔ مہمان مقرر اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد سجاد نے کہا کہ اسلامی معاشی نظام سرمایہ داری اور کمیونزم کے درمیان متوازی سسٹم پیش کرتا ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے کاروبار میں قسمیں کھانے، ملاوٹ کرنے اور ذخیرہ اندوزی کی ممانعت فرمائی۔ اور انہی اصولوں کو ساری دنیا کی تجارتی برادری نے اپنایا۔ ڈیپارٹمنٹ آف اکنامکس کے تعاون سے سیرت چیئر کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار کی میزبانی ڈائریکٹر سیرت چیئر حافظ عبد الرشید نے کی۔ صدر شعبہ معاشیات ڈاکٹر صدف شہاب نے پروگرام کو طلبہ کے لئے مفید قرار دیا۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ فکر اسلامی، تاریخ و ثقافت کے صدر نشین ڈاکٹر حافظ محمد سجاد نے کلیدی خطاب میں کہا کہ حضور اکرم صلی علیہ و آلہ وسلم خود بھی تجارت کیا کرتے تھے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اکنامکس ڈیپارٹمنٹ کی صدر ڈاکٹر صدف شہاب نے مہمان مقرر کا شکریہ ادا کیا۔ ڈائریکٹر سیرت چیئر ڈاکٹر حافظ عبد الرشید کا کہنا تھا کہ آج امت مسلمہ رسول پاک کے قائم کردہ تجارت اشاریوں کو مد نظر رکھے تو دنیا پر مالی و معاشی سبقت حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے شیخ الجامعہ ڈاکٹر ضابطہ شنواری کا سیرت سیمینار کے انعقاد کا موقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ مہمان مقرر کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔ اکنامکس کی استاد ڈاکٹر سعدیہ صفدر نے نظامت کی۔