• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عثمان آباد، غازی نگر میں گیس بندش اور پریشر کم، مکین پریشان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں سردی کی آمد سے قبل ہی کئی علاقوں میں گیس بندش اور پریشر میں کمی ہونے لگی ہے ۔ صدر ٹاؤن کی یونین کونسل نمبر 2اور 3کے علاقوں عثمان آباد ، غازی نگر ، عظیم پلازہ ، رامسوامی اور دیگر ملحقہ حصوں میں کئی ہفتوں سے گیس بندش اور پریشر انتہائی کم ہوگیا ہے جس سے علاقہ مکینوں کو روزمرہ کے کاموں اور کھانے پکانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ علاقہ مکین مہنگے داموں سلنڈر خریدنے پر مجبور ہوگئے ۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے نئی لائنوں کی تنصیب کے باوجود گیس پریشر میں کمی سوالیہ نشان ہے اور علاقہ مکینوں کا شکوہ ہے کہ گیس کمپنی کے مقامی انجینئر و ٹھیکیدار کی ملی بھگت سے گیس کی سپلائی دیگر علاقوں کی جانب موڑ دی گئی ہے جس سے یونین کونسل 2اور 3کے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس سلسلے گزشتہ ہفتے صوبائی محتسب سندھ سید مقصود حیدر (مشیر/ریجنل ڈائریکٹر، ضلع جنوبی) نے کھلی کچہری بھی منعقد کی اور شکایات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی۔ تاہم گیس سپلائی کے مسائل حل نہ ہوسکے۔ ایس ایس جی سی کے مقامی عہدیدار طلحہ سے رابطہ کرنے کی کوشش پر کوئی جواب موصول نہیں ہوسکا تاہم یو سی 2چیئرمین اسلم نیازی اور چیئرمین یو سی 3گلفام حیدر کا کہنا ہے کہ گیس بندش اور پریشر کم ہونے کے حوالے سے شکایات نہیں سنی جارہیں ، علاقے کے غریب عوام شدیدپریشان ہیں ، مسائل کے حل کیلئے کئی بار گیس کمپنی کے دفتر گئے تاہم صورتحال میں بہتری نہیں آسکی۔

ملک بھر سے سے مزید