لاہور(اپنے نامہ نگار سے) وزیرِ خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ پنجاب میں طرزِ حکمرانی کو شفافیت، ٹیکنالوجی اور عوامی شمولیت کی بنیاد پر جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ وہ یونیورسٹی آف دی پنجاب کے انسٹیٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز میں منعقدہ IAS–SANPA انٹرنیشنل کانفرنس 2025ء کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ طرزِ حکمرانی کا مفہوم اب محض انتظامی اختیارات تک محدود نہیں رہا بلکہ یہ علم، تعاون اور عوامی اعتماد کے امتزاج سے مکمل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں حکومتیں اپنی حکمتِ عملیوں کو بدلتے تقاضوں کے مطابق ڈھال رہی ہیں، اور پنجاب حکومت بھی اس تبدیلی میں حصہ لے رہی ہے۔