کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر امان اللہ کنرانی نے بلوچستان سمیت ملک بھر میں بار کونسلوں کے انتخابات پرامن اور دوستانہ ماحول میں منعقد ہونے اور جمہوری عمل مکمل ہونے کو خوشگوار قرار دیا ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس بار کے نتائج نے سابقہ بار کونسلوں کی کارکردگی و پالیسوں پر وکلاء کی جانب سے سوالیہ نشان لگادیا ہے انتخابی نتائج سے ظاہر ہوا کہ باقی صوبوں کے علاوہ بلوچستان میں صوبائی بار کونسل کے سابق 7 ممبران میں سے صرف ایک راحب بلیدی نے بھاری اکثریت سے تیسری مرتبہ انتخاب جیت کر ہٹ ٹرک مکمل کرلیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تمام کامیاب امیدوار اپنی محنت ، صلاحیت ، جذبے و ولولے سے سرشار ہیں نئی ٹیم کو راحب خان بلیدی جیسے آزمودہ و تجربہ کار ساتھی کی رہنمائی و مدد حاصل ہوگی جو پینل کی روایتی سیاست کی بجائے تمام وکلاء کی اجتماعی رہنمائی و قیادت کا فریضہ انجام دیں گے ہم نے اپنے دور میں 2005 سے 2010 تک اس روایت کو قائم رکھا اور بار کونسل کو اکثریت نہیں اتفاق رائے سے چلانے کی روایت ڈالی جس کے باہمی رواداری کے اندر مثبت اثرات مرتب ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ملک بھر میں صوبائی بار کونسلوں کے کامیاب امیدواروں کو بالعموم اور بلوچستان کے ساتھیوں کو بالخصوص پینل کی وابستگی سے بالاتر ہوکر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔