واشنگٹن (اے ایف پی)صدرٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس، چین، پاکستان اور دیگر ممالک خفیہ جوہری تجربات کر رہے ہیں۔ امریکا واحد ملک نہیں ہونا چاہیے جو ایسا نہ کرے، اس لیےہم بھی جوہری ٹیسٹ کریں گے ۔ چین نےان الزامات کو مسترد کیا ہے،جبکہ امریکی وزیر توانائی نے وضاحت کی ہے کہ صرف سسٹم ٹیسٹ ہو رہا ہے، جوہری دھماکہ شامل نہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹی وی پروگرام60 منٹس کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ روس تجربات کر رہا ہے، چین بھی تجربات کر رہا ہے لیکن کوئی ان کے بارے میں بات نہیں کرتا۔ میں نہیں چاہتا کہ امریکہ واحد ملک ہو جو تجربات نہ کرے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ شمالی کوریا اور پاکستان بھی اپنے جوہری ہتھیاروں کے تجربات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ واحد ملک نہیں ہونا چاہیے جو ایسے تجربات نہ کرے، اس لیے واشنگٹن بھی جوہری ٹیسٹ کرے گا۔