کراچی (جنگ نیوز) نیویارک کے مئیر کے انتخاب کی دوڑ میں مسلمان امیدوار ظہران ممدانی اپنے حریفوں پر دوعددی (دس فیصد یا اس سے زیادہ ) کی برتری حاصل کیے ہوئے ہیں، جس پر مختلف مغربی میڈیا آؤٹ لیٹ اپنے مخصوص انداز میں تشویش اورشکوک شبہات کی آمیزش کے ساتھ خبریں دے رہے ہیں۔ امریکی اخبار نیوزویک کےمطابق اگر ممدانی جیت جاتے ہیں تو نیویارک کو وفاقی مالی اعانت سے ہاتھ دھونا پڑ سکتے ہیں کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اس کی دھمکی دےرکھی ہے۔ گارجین کی تجزیہ نگار ماگریٹ سوالین کے مطابق اینڈ ریو کومو نے انہیں ناتجربہ کارقرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ممدانی " نے کبھی کسی (سیاسی )مقابلے میں حصہ نہیں لیا"۔ سوالین کے مطابق جہاں ممدانی کی شخصیت سے ایک مثبت توانائی خارج ہوتی ہے اور وہ تقریباً ہر موقع پر مسکراتے نظر آتے ہیں وہیں بہت سے لوگوں میں وہ منفی ردعمل بھی انگیخت کرتے ہیں۔