پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو)نے ایک اور شاندار کامیابی حاصل کر لی ہے، ورلڈ فیڈریشن آف آکیوپیشنل تھراپسٹس (ڈبلیو ایف او ٹی) ،جو آکیوپیشنل تھراپی کی تعلیم کے لئے عالمی سطح پر تسلیم شدہ ادارہ ہے، نے اس کے بیچلر آف سائنس ان آکیوپیشنل تھیراپی (بی ایس او ٹی) پروگرام، جو انسٹی ٹیوٹ آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیبیلیٹیشن کے زیرِ انتظام ہے، کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔یہ عالمی سطح کی منظوری کے ایم یو کے بین الاقوامی تعلیمی معیار، بہترین نصاب سازی، کلینکل تربیت کے مضبوط ڈھانچے اور معیاری یقین دہانی کے مؤثر نظام کی عکاس ہے۔ پروگرام کی منظوری میں پروگرام کوآرڈی نیٹر نازش عبدالقادر، ڈائریکٹر آئی پی ایم آر ڈاکٹر عرفان اللہ اور ڈین فیکلٹی آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر حیدر دارین کی محنت اور رہنمائی شامل ہے۔ ڈبلیو ایف او ٹی کی جانب سے یہ منظوری نہ صرف کے ایم یو کے تعلیمی و کلینکل وقار میں اضافہ کرے گی بلکہ اس سے بین الاقوامی تعاون، طلبہ کے تبادلے اور بحالیاتی علوم کے شعبے میں پیشہ ورانہ ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ اس کامیابی سےکے ایم یو اُن چند جامعات کی صف میں شامل ہو گئی ہے جو عالمی سطح پر آکیوپیشنل تھراپی کے شعبے میں تسلیم شدہ معیار رکھتی ہیں۔