پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے خواجہ سراؤں کی جانب سے پولیس رویہ اور ضلع بدری کے خلاف دائر درخواست پر آئی جی پولیس، چیف سیکرٹری اور محکمہ سماجی بہبود کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔ رٹ کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس انعام اللہ خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔ درخواست گزاروں کے وکیل عمران خان ایڈووکیٹ نے عدالت کوبتایا کہ صوبے بھر کے خواجہ سراؤں کے ساتھ پولیس کا رویہ ٹھیک نہیں ہے، پولیس خواجہ سراؤں کے خلاف کارروائی کررہی ہے اور ان کو بے جا تنگ کیا جارہا ہے۔صوابی اور پشاور سے خواجہ سراؤ کو ضلع بدر کیا جارہا ہے،آئے روز خواجہ سراؤں کو قتل کیا جارہا ہے جبکہ پولیس بھی تحفظ دینے میں بھی ناکام ہے وہ بھی اس معاشرے کا حصہ ہے۔ان کے بھی بنیادی حقوق ہے۔انکی ڈانس پارٹی پر بھی پابندی لگائی گئی ہے، جس پر جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے کہا کہ صرف ڈانس پارٹیز کی بات نہیں، فریقین کے تحفظات سننا چاہتے ہیں، عدالت نے آئی جی پولیس، چیف سیکرٹری اور دیگر فریقین سےرپورٹس طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔