پشاور(جنگ نیوز)یونیورسٹی آف صوابی ڈیبیٹ کلب نے خیبر پختونخوا سینٹر آف ایکسیلنس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم (KPCVE) کے تعاون سے “بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی یکجہتی” کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار کا مقصد طلبہ میں رواداری، احترام اور مختلف مذاہب و ثقافتوں کے درمیان پرامن بقائے باہمی کے فروغ سے متعلق آگاہی پیدا کرنا تھا۔سیمینار کے مقررین میں ڈاکٹر محمد نسیم اللہ قریشی، ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز؛ ڈاکٹر فیصل خان، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف مینجمنٹ سائنسز؛ اور ڈاکٹر محمد سفیان، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز شامل تھے۔ ڈاکٹر قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک پرامن معاشرے کی بنیاد بین المذاہب ہم آہنگی پر ہے۔ ڈاکٹر فیصل خان نے جامعات کے کردار پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر محمد سفیان نے قرآنی تعلیمات کی روشنی میں اتحاد، ہمدردی اور بقائے باہمی پر زور دیا اور طلبہ کو یہ قدریں عملی زندگی میں اپنانے کی تلقین کی۔تقریب کو مزید موثر بنانے کے لیے اردو اور انگلش تقاریر کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے۔