پشاور(جنگ نیوز) پیسکو سیٹھی ٹاؤن سب ڈویژن کے علاقہ پخہ غلام میں بچے کو بجلی کا کرنٹ لگنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پیسکو کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو محمد زبیر کنڈی نے سینئر افسران پر مشتمل ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور اس انکوائری کمیٹی کو واقعہ کی تفتیش کرنے اور فوری رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے،قائم مقام پیسکو چیف کی ہدایت پر پیسکو افسران نے اسپتال میں متاثرہ بچے کی عیادت کی اور ان کے والدین سے بھی ملاقات کی، پیسکو حکام نے بتایا ہے کہ واقعہ کی تفتیش ہو رہی ہے اور اگر واقعہ پیسکو کے کسی عملے کی غلطی ہوئی تو اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائیگی،پیسکو حکام نے واقعہ پر وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ پیسکو ریجن میں ہائی وولٹیج لائنز کے نیچے یا ان کے قریب کسی بھی قسم کی تعمیرات کرنا غیر قانونی عمل ہے تاہم جس گھر پر بچے کو کرنٹ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے وہاں پیسکو کی 11 کے وی ہائی وولٹیج لائن پہلے سے ہی گزر رہی تھی جبکہ اس گھر کی تعمیر بعد میں کی گئی تھی جو کہ غیر قانونی ہے ۔