پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے کہا ہے کہ صوبے میں کسی بھی نشے کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے، آئس کے خلاف مؤثر کارروائی کیلئے 15 روزہ ٹائم لائن مقرر کر دی گئی ہے جسکے بعد کسی بھی جگہ منشیات کی دستیابی کی شکایت موصول ہونے پر متعلقہ افسران اور عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کے محکمے کو ایک نمایاں برانڈ کے طور پر پیش کرنا ہے اور اپنی ذمہ داریوں کو اپنی اصلی روح کے مطابق نبھا کر اس کے خلاف کوئی شکایت قبول نہیں ہے۔وہ وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد محکمانہ کارکردگی اور پیشہ ورانہ امور سے متعلق پہلی بریفنگ سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر سیکرٹری ایکسائز و ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خالد الیاس، ڈائریکٹر جنرل عبدالعلیم خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز، ڈائریکٹرز، آر ٹی اوز اور ای ٹی اوز سمیت تمام افسران موجود تھے۔صوبائی وزیر سید فخر جہان نے کہا کہ محکمہ کے وقار اور تکریم کی بحالی افسران کے ہاتھ میں ہے، اس لئےتمام افسران اپنی پیشہ ورانہ کارکردگی کو بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دیں اور محکمے کو ایک باوقار برانڈ کے طور پر پیش کریں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ کے بارے میں منفی امیج ختم کرنا ہے اور اسے سروس ڈیلیوری کا ایک ماڈل بنانا ہے ۔انہوں نے نشہ آوراشیاء اور آئس کے خلاف سخت ترین کارروائیوں کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آئس کے نشہ آور مواد کے خلاف گلی محلوں کی سطح پر آپریشنز کئے جائیں اور معلومات حاصل کرنے پر اسکی بنانے والی فیکٹریوں کو بھی سیل کیا جائے گا۔ انہوں نے نوشہرہ روڈ پر آئس کے خلاف کامیاب کارروائی کرنے والی ٹیم کو سراہا اور انہیں شاباش دی۔