• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگے داموں غیر معیاری گندم خریدنے کے خلاف پٹیشن پر صوبائی حکومت سے جواب طلب

پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کی جانب سے مہنگے داموں غیر معیاری گندم خریدنے کے خلاف دائر رٹ پٹیشن پر صوبائی حکومت سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی اور قرار دیا کہ اگلی سماعت پر اس کیس کو سن کر فیصلہ کیا جائے گا۔ گزشتہ روز رٹ کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز خان صابی اور جسٹس صلاح الدین پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔رٹ کی سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے غیر صحت اور غیر معیاری گندم خریدی تھی اس سارے عمل میں کروڑوں کی غبن کی گئی ہے۔جو درست نہیں اس لئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔اس دوران ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اس میں ایک ضمنی درخواست جمع کی گئی ہے جس میں استد عا کی گئی ہے کہ اس رٹ میں فریقین سے علی آمین گنڈاپور جو سابق وزیراعلی ہےکا نام نکالا جائے کیونکہ اب وزیراعلی نہیں ہے۔جسٹس اعجاز خان نے استفسارکیا کہ اس کیس میں عدالت نے رپورٹ طلب کی تھی، وہ رپورٹ آئی ہے۔؟ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کوبتایا کہ تمام فریقین کی جانب سے رپورٹس جمع کی گئی ہے, وکیل درخواست گزار نے عدالت کوبتایا کہ فریقین کی جو رپورٹ آئی ہے وہ میں نے پڑھی ہے، یہ بہت بڑا فراڈ ہے اس کے تمام حقائق سامنے آنے چاہئے، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کوبتایا کہ نیب پہلے سے ہی اس کیس کی تحقیقات کر رہا ہے درخواست گزار اور کیا چاہتے ہیں، عدالت نے صوبائی حکومت اور دیگر فریقین اس میں اپنی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی اور قرار دیا کہ اگلی سماعت پر اس کیس کو میرٹ پر سن کر فیصلہ کیا جائے گا۔
پشاور سے مزید