• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، بہار میں انتخابات، ووٹنگ میں ایک روز باقی، دو پولیٹیکل بلاکس آمنے سامنے

لاہور(تجزیہ: خالدمحمودخالد) بھارتی ریاست بہار میں ہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ کیلئے صرف ایک روز باقی ہے۔ جمعرات کو شروع ہونے والے انتخابات میں دو بڑے پولیٹیکل بلاکس آمنے سامنےہیں اور بھرپور طریقے سے حصہ لے رہے ہیں جن میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی سربراہی میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس اور راشٹریہ جنتا دل اور انڈین نیشنل کانگریس کی قیادت میں گرینڈ الائنس شامل ہیں۔ انتخابی مقابلہ 243 نشستوں پر ہوگا۔ بہار کے انتخابی میدان میں اس بار بھی وہی پرانی کہانی دہرائی جا رہی ہے۔ اپوزیشن کی طرف سے عوامی مسائل، مہنگائی، روزگار اور تعلیم کے سوالات اٹھائے جارہے ہیں جب کہ حکومت کی طرف سے ماضی کی طرح قوم خطرے میں ہے، پاکستان سازش کر رہا ہے اور مودی ہی ملک کو بچا سکتے ہیں، کے نعرے لگائے جارہے ہیں۔ بھارتی اپوزیشن جماعت نیشنل کانگریس کے اہم لیڈر راہول گاندھی نے گزشتہ روز ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وزیرِاعظم نریندر مودی کی سیاسی حکمتِ عملی ہمیشہ سے ایک ہی نکتے کے گرد گھومتی آئی ہے۔ جب عوامی غصہ بڑھے، اقتصادی دباؤ محسوس ہو، یا پارٹی کے اندر اختلافات ابھرنے لگیں تو پاکستان کارڈ سامنے لے آؤ، یہی کارڈ آج بہار میں دوبارہ کھیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے 2014 میں ملک کو ترقی، روزگار اور شفاف حکومت کا خواب دکھایا تھا لیکن آج گیارہ سال بعد وہی وزیرِاعظم اپنی تقریروں میں زیادہ تر پاکستان، دہشت گردی اور قومی سلامتی پر بات کرتا نظر آتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید