کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ اور جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے توسط سے سندھ ہائی کورٹ میں ای چالان میں سنگین بے ضابطگیوں اور بھاری جرمانوں کے خلاف پٹیشن دائر کردی، بعدازاں منعم ظفر خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ای چالان کے نام پر اہل کراچی پر بھاری جرمانے ناانصافی ہے، پچھلے ایک ہفتے میں تیس ہزار سے زائد شہریوں پر جرمانے عائد کیے گئے،کراچی میں ایک ہی خلاف ورزی پر 5 ہزار روپے جرمانہ کیا جاتا ہے جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں یہی جرمانہ صرف 200روپے ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ای چالان میں اصلاحات اور جرمانے کی رقم ملک کے دیگر شہروں کے برابر کی جائے۔