کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گزشتہ شب بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے پولو گرائونڈ بارہ دری میں قائم گل پلازہ متاثرین کے خصوصی بازار کا دورہ کیا، دکانداروں سے ملاقات کی اور مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا، اس موقع پر میئر کراچی نے متاثرہ تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی گل پلازہ کے متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور شہر کی مختلف مارکیٹوں میں بھی ان کے کاروبار کے لیے بندوبست کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے بغیر کسی رقم کے تمام سہولتوں کے ساتھ یہ خصوصی بازار قائم کیا ہے، شہریوں کی بڑی تعداد کو یہاں خریداری کے لیے آتا دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے، دکانداروں اور خریداروں کی سہولت کے لیے پارکنگ کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔