وزارت صحت نے کہا ہے کہ ایچ آئی وی کنٹرول حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ایچ آئی وی کیسز میں اضافے سے متعلق وزارتِ صحت کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں اقوام متحدہ کے اداروں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر صحت کی ہدایات پر اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں، ایڈیشنل سیکریٹری آئندہ اجلاس خود چیئر کریں گے۔
اعلامیہ کے مطابق وزارت صحت نے بیماری کے خلاف صوبوں کو کردار بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔ ڈی جی ہیلتھ نے ایچ آئی وی سروسز کو دیگر پروگرامز میں ضم کرنے پر زور دیا۔
وزارت صحت کے حکام کے مطابق بیماری کے خلاف خصوصی پروگرام دسمبر میں شروع ہوگا، وزارتِ صحت نے ٹیکنیکل ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے۔
وزارت صحت کے حکام کے مطابق ورکنگ گروپ میں صوبوں، یو این اور کمیونٹی کو نمائندگی دی گئی ہے۔ خون کی اسکریننگ اور انفیکشن کنٹرول بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ایچ آئی وی سے آگاہی اور بہتر میڈیا حکمت عملی پر زور دیا گیا۔