کراچی( افضل ندیم ڈوگر )قومی ایئر لائن کی لاہور سے جدہ کی پرواز کی 34 ہزار فٹ کی بلندی پر پراسرار طور پر ونڈ سکرین ٹوٹ گئی۔ پائلٹ نے کراچی ایئرپورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ کی۔ ترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے مطابق لاہور جدہ پرواز نے ونڈ شیلڈ میں اچانک دراڑوں کے باعث کراچی میں احتیاطی لینڈنگ کی۔ ترجمان کے مطابق ونڈ شیلڈ میں کریکس پڑنے کا واقعہ 34ہزار فٹ بلندی پر پیش آیا۔ ترجمان کے مطابق ممکنہ طور پر بوئنگ 777 طیارے کی ونڈ شیلڈ ونڈ شئیر یا دباؤ کے باعث دراڑ کا شکار ہوئی۔ ابتدائی طور پر کہا گیا کہ طیارہ کو پرندہ ٹکرایا مگر ترجمان کے مطابق پائلٹ کی ایئرکرافٹ ٹیکنکل لاگ بک میں پرندہ ٹکرانے کا کوئی ذکر نہیں۔ دوران پرواز کسی بھی موقع پر ہنگامی صورتحال پیدا نہیں ہوئی اور جہاز نے بحفاظت لینڈ کیا۔ دوسری طرف ایئر لائن انتظامیہ نے مسافروں کو ہوٹل منتقل کر دیا جنہیں متبادل ذرائع سے جدا روانہ کیا جا رہا ہے۔دریں اثناء اسلام آباد سے حنیف خالد کے مطابق وفاقی وزیر دفاع، شہری ہوا بازی و دفاعی پیداوار خواجہ محمد آصف نے لاہور جدہ پرواز حساس معاملے کی تحقیقات شروع کرا دی۔