اسلام آباد ( نیو زرپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران دونوں مسلم ممالک دنیا کے امن اور مسلم امہ کے اتحاد کے لیے پرعزم ہیں،پاکستان ایران کے ساتھ باہمی مفاد کے مختلف شعبوں بالخصوص معاشی تعاون اور دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کا خواہش مند ہے۔ انہوں نے یہ بات اسلامی جمہوریہ ایران کے پارلیمنٹ کے سپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف سے گفتگو کے دوران کہی جنہوں نے وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے مسائل کے لیے بات چیت اور سفارتکاری جیسے پرامن طریقوں پر دونوں ممالک کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خمینی اور صدر مسعود پزیکشیاں کے لیے عزت و تکریم اور خیر سگالی کے پیغامات دئیے۔