• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان 3 ملک، دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، وزیراعظم

اسلام اآ باد ( نیوز رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، کارا باخ میں آذربائیجان کی کامیابی غزہ کے بہادر عوام اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سمیت منصفانہ موقف، خود مختاری اور حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والی اقوام کے لئے مشعل راہ ہے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو باکو میں آذربائیجان کے یوم فتح کے حوالے سے پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی دعوت پر یوم فتح کی مرکزی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی،ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان بھی تقریب میں شریک ہوئے،فیڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی تقریب میں موجود تھے،ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ آذربائیجان کے یوم فتح کی پانچویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت پر بہت خوش ہوں،یوم فتح پر آذربائیجان کی حکومت اورعوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارتی جارحیت کے دوران ترکیہ اور آذربائیجان نے پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا، پاکستان اور افغان طالبان رجیم کے درمیان مذاکرات کے لیے سہولت فراہم کرنے پر ترکیہ اور قطر کے شکر گزار ہیں۔ غزہ امن معاہدے میں تمام ممالک نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا،پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن کسی کو اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ یوم فتح کی تقریب میں شرکت کی دعوت میرے لیے باعث افتخار ہے، پاکستان کے عوام کی طرف سے آذربائیجان کے عوام اور حکومت کو 44 روزہ جنگ میں کامیابی کےتاریخی دن کی سالگرہ کے موقع پر مبارک باد پیش کرتا ہوں،پریڈ میں پاک فوج کے دستے اور جے ایف 17 تھنڈر کی شرکت انتہائی اہم ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ،ترکیہ اور آذربائیجان تین ملک اور ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں،تینوں برادر ممالک نے متعدد بار اپنی دوستی اور یکجہتی کا ثبوت دیا ہے، بھارت کے ساتھ چار روزہ جنگ میں عظیم کامیابی معرکہ حق کے جشن میں آذربائیجان کے دستے کی شرکت اہمیت کی حامل تھی۔وزیراعظم نے کہا کہ پانچ سال پہلے آذربائیجان کے بہادر سپوتوں نے صدر الہام علیوف کی قیادت میں تاریخ رقم کی اور آذربائیجان کی بہادر افواج نے کاراباخ کو آزاد کرایا۔پاکستان برادر ملک آذربائیجان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔

اہم خبریں سے مزید