• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے این ایف کی کارروائیاں،51 کلوگرام منشیات،غیر قانونی اسلحہ برآمد

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (CNF) نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن “منشیات سے پاک پنجاب – صحت مند اور محفوظ پنجاب” کے تحت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے 3 نومبر سے 7 نومبر کے دوران منشیات فروشوں۔ کے خلاف درجنوں کاروائیاں کیں جن میں 51 کلوگرام سے زائد منشیات اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں متعدد ملزمان گرفتار کیے گئے اور پنجاب کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹینسز ایکٹ 2025ء کے تحت مختلف مقدمات درج کیے گئے ۔ ترجمان پنجاب CNF کے مطابق برآمد شدہ منشیات میں 10 کلوگرام آئس، 21 کلوگرام افیون، 17 کلوگرام چرس، 2 کلوگرام ویڈ اور 1 کلوگرام ہیروئن شامل ہیں۔ فورس کی ٹیموں نے راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور سمیت مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر مؤثر کارروائیاں کیں۔ راولپنڈی میں کارروائیوں کے دوران 17 کلوگرام منشیات برآمد ہوئیں جن میں 15 کلوگرام افیون اور 2 کلوگرام ویڈ شامل تھی۔ ڈیرہ غازی خان میں ہدفی آپریشنز کے دوران 14 کلوگرام منشیات برآمد ہوئیں جن میں 10 کلوگرام آئس، 3 کلوگرام چرس اور 1 کلوگرام ہیروئن شامل ہے۔ فیصل آباد میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے نتیجے میں 9 کلوگرام منشیات، جن میں 6 کلوگرام افیون اور 3 کلوگرام چرس شامل تھیں ، برآمد کی گئیں۔اسی طرح ملتان میں 6 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد ہوئیں جن میں 6 کلوگرام چرس، 120 گرام ہیروئن اور 70 گرام آئس شامل ہیں۔ ساہیوال میں بین الاضلاعی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران 4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی جبکہ بہاولپور میں معمول کی روڈ چیکنگ کے دوران ایک کلوگرام سے زائد چرس برآمد ہوئی ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابیاں فورس کی بڑھتی ہوئی عملی استعداد، پیشہ ورانہ مہارت اور صوبے سے منشیات کے نیٹ ورکس کے خاتمے کے غیر متزلزل عزم کی مظہر ہیں۔ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ انسدادِ منشیات آپریشنز کو اسی تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا، یہاں تک کہ پورا صوبہ منشیات کے عفریت سے مکمل طور پر پاک ہو جائے۔
لاہور سے مزید