کراچی (نیوز ڈیسک) ایران نے پاکستان اور طالبان حکومت میں ثالثی کی پیشکش کردی ‘نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا‘دونوں ممالک نے خطے کے استحکام کیلئے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ عراقچی نے اس بات پر زور دیا کہ پاک افغان تنازع کا پرامن حل اور باہمی سمجھوتا نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے لیے ضروری ہے۔ عباس عراقچی نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتے ہوئے سرحدی تنازعات کے حل کے لیے تہران کی ثالثی کی پیشکش کی ۔ پاکستان نے ایران کو افغان سرحد پر کشیدگی کم کرنے کی اپنی حالیہ سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا اور دونوں ممالک نے خطے میں سلامتی برقرار رکھنے کے لیے باقاعدہ مشاورت کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق تہران نے پاک افغان کشیدگی میں کمی اور خطے کے استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔عباس عراقچی نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ دونوں ممالک کو علاقے کے مؤثر ممالک کے تعاون سے اختلافات کے حل اور تناؤ میں کمی کے لیے مسلسل مذاکرات جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس سلسلے میں ایران کی مکمل معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔