کراچی(اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں شاعر مشرق، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کی خدمات اور افکار کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یوم اقبال عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ تقریب میں اقبالؒ کے فلسفے پر تقاریر، شاعری کا نذرانہ اور دستاویزی فلم کی نمائش بھی پیش کی گئی، جس نے سامعین کو اقبالؒ کی حیات و افکار سے روشناس کرایا۔ تقریب ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز کے زیر اہتمام سیمینار ہال میں منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام اللہ میتلو تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اقبالؒ کے تصورِ خُودی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو اقبال کے فلسفے کو سمجھ کر اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا چاہیے اور ایمانداری و محنت کے ذریعے ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز انجینئر ڈاکٹر صدام علی کھچی نے معزز مہمانوں، اساتذہ اور طلبہ کو خوش آمدید کہا۔ڈین فیکلٹی آف پی ایم سی پروفیسر ڈاکٹر راشد مصطفیٰ کورائی ، ڈین فیکلٹی سی ای ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد زاہد تنیو نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اقبالؒ کے پیغامِ خودی، ایمان اور مسلسل جدوجہد کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں گے۔