لاہور (خبرنگار )مقررین نے کہا ہے کہ اردو زبان ہماری قومی پہچان کا مظہر اور فکری وحدت کی بنیاد ہے۔ عالمی یومِ اردو اور یومِ اقبالؒ کے موقع پر پروفیشنلز آف تحریکِ بیداریِ اُمتِ مصطفیٰ ؐ کے زیرِ اہتمام، جامعۃ العروۃ الوثقیٰ لاہور میں قومی اردو کانفرنس کا انعقاد ہوا جس کا عنوان “اردو قومی زبان، قومی تشخص، قومی پہچان” تھا۔ کانفرنس کی صدارت سربراہ تحریکِ بیداریِ اُمتِ مصطفیٰ علامہ سید جواد نقوی نے کی، جبکہ ملک کی نامور علمی، ادبی، فکری، لسانی شخصیات شریک ہوئیں۔ مقررین میں سابق سینئر فیڈرل سیکریٹری و چیئرمین مولانا ظفر علی خان فاؤنڈیشن خالد محمود، ماہرِ اقبالیات و پیتھالوجسٹ بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر وحید الزمان طارق، سابق آڈٹ آفیسر صدر قومی زبان تحریک پاکستان جمیل بھٹی و دیگر شامل تھے۔ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ پاکستان کو اپنی پیدائش کے دن سے ہی ایک نظریاتی اور فکری تشخص حاصل تھا، جسے علامہ اقبالؒ نے "خودی" سے تعبیر کیا ہے۔ زبان ان تمام عناصر کی ترجمان ہے جو کسی قوم کے ایمان، تاریخ اور تہذیب کی امین ہوتی ہے۔ اگر زبان کمزور ہو جائے تو قوم کی فکری بنیادیں بھی کمزور پڑ جاتی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر زور دیا کہ اردو زبان ہماری قومی پہچان کا مظہر اور فکری وحدت کی بنیاد ہے۔