لاہور (شوبز رپورٹر) لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں فرانسیسی تھیٹر کمپنی Criz Biz’Art کے عالمی شہرت یافتہ سرکس تھیٹر بوکین (Boucan)کی شاندار پیشکش نے ناظرین پر گہرا اثر چھوڑا۔ یہ پرفارمنس فنونِ لطیفہ کے فروغ اور ثقافتی ہم آہنگی کے حوالے سے ایک یادگار موقع ثابت ہوئی۔الحمرا کے چیئرمین رضی احمد نے خصوصی طور پر شرکت کرتے ہوئے فرانسیسی فنکاروں کی اعلیٰ تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا، جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا محمد محبوب عالم چوہدری نے عوامی دلچسپی اور بھرپور شرکت کو“ثقافتی روابط کے فروغ کی علامت قرار دیا۔فرانسیسی ڈائریکٹرز Laurie Roger، Jonah Katz اور Remy Bombled کی ہدایت میں تیار کیے گئے اس تھیٹر پلے نے سرکس، مزاح، اداکاری اور بیٹ باکسنگ موسیقی کو ایک حسین امتزاج میں جوڑ دیا۔فنکاروں نے سرکس کے کرتبوں کو ڈرامائی انداز میں پیش کر کے حاضرین کو حیرت و مسرت سے دوچار کیا، جبکہ بیٹ باکسنگ کی دھنوں نے ہال کو توانائی اور جذبے سے بھر دیا۔تماشائیوں نے دل کھول کر داد دی، اور پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔مزاح، موسیقی اور فنکارانہ جوش سے بھرپور اس پرفارمنس نے الحمرا میں عالمی معیار کے تھیٹر کی روایت کو ایک نیا رنگ بخشا۔