• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلی پنجاب جیل ریفارمز ایجنڈے پر عملدرآمد کا سلسلہ جاری

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) وزیراعلی پنجاب جیل ریفارمز ایجنڈے پر عملدرآمد کا سلسلہ جاری ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اسی سلسلے میں سینٹرل جیل گوجرانوالہ کا دورہ کیا اور نئی تعمیر کردہ رہائش گاہوں کا افتتاح کیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے اسیران اور اہلکاروں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا بھی افتتاح کیا۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق جیل میں پرانی رہائش گاہیں تقریباً 50 سال قبل تعمیر ہوئی تھیں جو کہ اب خستہ حال ہو چکی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ نئی تعمیر ہونے والی رہائش گاہوں سے ملازمین کے 28 خاندان مستفید ہوں گے۔ اسیران کو صاف پانی کی ہمہ وقت فراہمی کیلئے آر او واٹر فلٹریشن پلانٹ لگوایا گیا ہے جس سے تقریباً 4500 اسیران مستفید ہوں گے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے اس موقع پر جیل سائیکالوجسٹس اور یونیورسٹی پروفیسرز سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ اسیران کی ذہنی صحت کی جانچ اور ان میں مثبت رویوں کا فروغ نہایت اہم ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے جیل کے مختلف حصوں کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ سپرنٹنڈنٹ جیل چوہدری اصغر علی نے سیکرٹری داخلہ پنجاب کو بریفنگ دی۔ انہوں نے جوینائل جیل میں بچوں کیساتھ وقت گزارا اور تعلیم و تربیت کیساتھ کھیلوں کے انتظام کا جائزہ لیا۔
لاہور سے مزید