ملتان (سٹاف رپورٹر)بچوں کی پسندیدہ خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی سرگرم، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں پتیسہ یونٹ کی انسپکشن، 100 کلو گرام غیر معیاری پتیسہ اور سامان ضبط، یونٹ کے مالک کیخلاف ایف آئی آر درج کرادی گئی، تفصیلات کے مطابق لودھراں 7 مرلہ سکیم میں پتیسہ بنانے والے یونٹ کو چیک کیا گیا،ٹیسٹ کے دوران پتیسے میں غیر معیاری اجزاء کی ملاوٹ پائی گئی، انتہائی گندگی اور آلودہ جگہ پر خوراک تیار کی جارہی تھی، مصنوعات کی جعلی لیبلنگ اور پیکنگ کرکے مارکیٹ میں فروخت کیا جانا تھا، فوڈ سیفٹی ٹیم نے غیر معیاری خوراک تلف کرکے پروڈکشن یونٹ کے مالک کیخلاف ایف آئی آر درج کروادی، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ صحت دشمن عناصر کیخلاف بلا امتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔