اسلام آباد (ساجد چوہدری/عاصم جاوید/ جنگ نیوز) تحریک انصاف کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے پارٹی پالیسی کیخلاف 27 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دے کر مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا‘ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے مسکراتے ہوئے کہا کہ آپ کو پھر سینیٹر بنا دینگے‘ادھرجمعیت علماء اسلام نےترمیم کے حق میں ووٹ دینے پر سینیٹر احمد خان کو پارٹی سے نکال دیا۔جے یو آئی کا کہنا ہےکہ احمد خان فوری طورپر سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہوجائیں‘ احمد خان نے استعفیٰ نہ دیا تو نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کریں گے۔سینیٹ اجلاس میں 27 ویں ترمیم کے حق میں ووٹ دینے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں پاک فوج کا جو کردار تھا اس سے انڈیا نے دنیا بھر میں ذلت اٹھائی‘جتنی عزت صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دی کسی کو نہیں ملی، میں فیلڈ مارشل اور مسلح افواج کی وجہ سے ترمیم کے حق میں ووٹ دینے آیا ہوں۔