کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کو صاف پانی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہےریڈ لائن منصوبے پر بھی کام جاری ہے، اس لیے کے فور منصوبے کے تحت پانی کی پائپ لائن اسی راستے کے ساتھ پہلے سے بچھائی جا رہی ہے تاکہ بار بار سڑکوں کی کھدائی سے بچا جا سکے۔ کے فور منصوبہ کراچی کے طویل المدتی پانی کے مسائل کے حل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں مراد علی شاہ نے کہا کہ کے فور منصوبے کے تحت تعمیراتی کام عزیز بھٹی پارک سے اردو یونیورسٹی تک جاری ہے جہاں صرف 300 میٹر کا حصہ عارضی طور پر بند ہے۔ جیسے ہی عزیز بھٹی پارک سے اردو یونیورسٹی تک کا حصہ مکمل ہوگا، سڑک بحال کر دی جائے گی اور کام اگلے مرحلے کی جانب بڑھایا جائے گا۔ عزیز بھٹی پارک سے حسن اسکوائر تک 9.6 اور 7.2 انچ قطر کی پانی کی پائپ لائنیں بچھائی جا رہی ہیں جو مستقبل میں شہر کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کریں گی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ عوام کی سہولت کے لئے اس دوران متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔