اسلام آباد(کامرس رپورٹر )قومی اسمبلی نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو قومی شہید قرار دینے کی قرارداد کی منظوری دیدی۔پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں جام عبدالکریم بجارنےقراردارپیش کی جس کی ایوان نے منظوری دیدی۔ قرارداد کے متن میں کہاگیاہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو بانی پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان نے ملک کی سیاسی، جمہوری، سماجی اور ایٹمی پالیسیوں میں غیر معمولی خدمات انجام دیں۔ان کی قومی اتحاد، عوام کی فلاح و بہبود، جمہوری اداروں کے استحکام اور پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی کے قیام کے لیے کو ششیں وسیع پیمانے پر تسلیم کی گئی ہیں۔ 4 اپریل 1979 ء کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی، متن کے مطابق کروڑوں پاکستانی شہری انہیں ایک ایسے قومی رہنما کے طور پر یاد کرتے ہیں جنہوں نے جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے اپنی جان قربان کی۔