اسلام آباد(طاہر خلیل ) سینیٹ آف پاکستان کے زیر اہتمام بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کا آج سے باقاعدہ آغاز ہوگا۔40ملکوں کے اسپیکرز پارلیمانی رہنما شریک ہونگے ،مشترکہ اعلامیہ جاری ہو گا۔ وزیر اعظم ،چیئرمین سینٹ ،اسپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے پارلیمانی سفارتکاری ،باہمی تعاون ،جمہوری اقتدار ،مکالمے کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا ،انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی اور اس ضمن میں وفاقی دارالحکومت میں وفود کی آمد کا سلسلہ سارا دن جاری رہا ۔ دوست ممالک کے سپیکرز، ڈپٹی سپیکرز، اراکین پارلیمنٹ مختلف اہم بین الاقوامی اداروں کے سربراہان اسلام آباد پہنچ چکے ہیں ۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں یہ اہم کانفرنس جس کا عنوان امن، سلامتی و ترقی ہے کے موضوع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور اہم ممالک کے پارلیمانی سربرا ہ و مندوبین اپنے خیالات کا اظہا ر بھی کریں گے۔کانفرنس سے وزیراعظم محمد شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق خطاب کریں گے۔چیئرمین سینیٹ اس کانفرنس کے دوران اہم ممالک کے پارلیمانی رہنماؤں سے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کے لئے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ کانفرنس دو دن جاری رہے گی جس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچنے والے پارلیمانی وفود جن میں روانڈا، گیانا، کانگو اور صومالیہ کے علاوہ یونیورسل پیس فیڈریشن کے صدر ڈاکٹر ٹیگلن ابراہیم حماد، جو اقوام متحدہ کے اقتصادی و سماجی امور کے ادارے سے وابستہ ہیں شامل ہیں۔