کراچی(اسٹاف رپورٹر)کلفٹن عبداللہ شاہ غازی مزار کے قریب نشے میں دھت ڈرائیور سے تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر فٹ پاتھ پر سوئے افراد پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق بیسن تھانے کی حدود کلفٹن بلاک 4عبداللہ شاہ غازی مزار آئی کون ٹاورکے قریب انتہائی تیز رفتار کار ڈرائیور سے بےقابو ہونے کے بعد فٹ پاتھ پرسوئے افراد پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں2افراد جاں موقع پر ہی جاں بحق اور4افراد شدید زخمی ہو گئے۔جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔حادثے کے نتیجے میں گاڑی اور ایک موٹر سائیکل تباہ ہو گئی۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت کریم اور شبیر احمد جبکہ زخمیوں کی مدثر ولد غلام یاسین ، شکیل ولد مزمل ، طاہر علی ولد خدا بخش اور احد گھانچی کے ناموں سے ہوئی۔ایس ایچ او راشد علی کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے دونوں افراد اور ایک زخمی شخص فٹ پاتھ پر سو رہے تھے۔گاڑی میں دو افراد احد اور طاہر علی سوار تھے ۔انہوں نے بتایا کہ یہ اطلاع بھی ہے کہ گاڑی نے پہلے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر ماری اور پھر فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے افراد پر چڑھ گئی تاہم موٹر سائیکل سوار کا سب تک کچھ علم نہیں ہو سکا ہے اور موٹر سائیکل پر نمبر بھی پنجاب کا لگا ہوا ہے۔ایس ایچ او نے بتایا کہ گاڑی کا ڈرائیو ر احد نشے میں دھت تھا جبکہ گاڑی اس کے ساتھی طاہر علی کے نام پر رجسٹرڈ ہے جو لیاری کا رہائشی اور کیبل کا کام کرتا ہے۔ایس ایچ او کے مطابق گاڑی کی رفتار بہت زیادہ تھی۔انہوں نے بتایا کہ حادثے میں گاڑی میں سوار افراد بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔پولیس نے بتایا حادثے میں زخمی ہونے والے گاڑی کے ڈرائیور احد اسپتال میں زیر علاج ہے اور اس کی حالت ٹھیک ہونے کے بعد اس سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔