• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیش لیس معیشت سے گورننس میں بہتری اور کرپشن میں کمی آئیگی، وزیراعظم

اسلام آباد( نیو زرپورٹر)وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ کیش لیس معیشت کے وضع کردہ اہداف کا معینہ مدت میں حصول یقینی بنایا جائے،کیش لیس معیشت سے گورننس میں بہتری اور کرپشن میں کمی آئیگی، پوری دنیا ڈیجیٹل معیشت کی جانب تیزی سے گامزن ہے ،،پاکستان کو دنیا کے ساتھ قدم ملا کر چلنا ہوگا،مکمل طور پر کیش لیس معیشت اور غیر رسمی معیشت کے خاتمے کیلئے دیہی علاقوں میں آگاہی بڑھائی جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت گزشتہ روز اپنی زیر صدارت کیش لیس معیشت کے اقدامات پر منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران دی۔انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کو کیش لیس کرنے کیلئے جاری اقدامات کا ملکی معیشت کی پائیدار ترقی میں کلیدی کردار ہو گا،روز اول سے پاکستان کو ڈیجیٹل نیشن بنانے کیلئے اقدامات کو ترجیح دی جسکے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ مستحقین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے بھیجی گئیں،کیش لیس معیشت کے ذریعے گورننس کی بہتری اور کرپشن میں خاطر خواہ کمی آئے گی،موجودہ پیش رفت اطمینان بخش ہے جسکے لئے وزارت خزانہ، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، ایف بی آر، اسٹیٹ بینک اور متعلقہ تمام ادارے لائق تحسین ہیں۔اجلاس کو وزیرِ اعظم کے کیش لیس معیشت کے ویژن کے تحت حکومتی اقدامات پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی اور گیس کے بلز پر راست QR کوڈز کے ذریعے انکی ادائیگی کو کیش لیس کیا جارہا ہے جس کی بدولت اربوں روپے کے بلوں کی ادائیگی اب ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ممکن ہوئی ،وزیر اعظم کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ایک کروڑ ڈیجیٹل والٹس پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اہم خبریں سے مزید