پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ر یاض خان نے کڑاکڑ ٹنل بونیر کا تفصیلی دورہ کیا اور منصوبے سے متعلق اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کے بھائی احمد خان، محکمہ پی کے ایچ اے، محکمہ آبپاشی اور متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران صوبائی وزیر کو متعلقہ افسران نے کڑاکڑ ٹنل بونیر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور اب تک کی پیش رفت سے انہیں آگاہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ریاض خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کڑاکڑ ٹنل کی تکمیل سے سوات اور بونیر کے درمیان سفر میں نمایاں آسانی پیدا ہوگی جس سے نہ صرف مقامی عوام کو آمدورفت میں سہولت ملے گی بلکہ سیاحت اور تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔