اسلام آباد ( نیو زرپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کو تمام جدید طبی سہولیات کے ساتھ معیاری تعمیر کو جامع حکمت عملی کے تحت مکمل کیا جائے،جناح میڈیکل کمپلیکس کی جلد تکمیل میں درپیش تمام مشکلات کو تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے جلد از جلد حل کیا جائے۔ جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر اور جدید علاج کی فراہمی میں بین الاقوامی ماہرین کی خدمات ضرورت کے مطابق لی جائیں۔ وزیراعظم نے یہ ہدایت گزشتہ جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کی تعمیر کی پیش رفت پر بلائے گئے جائزہ اجلاس ے دوران دی ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مقامی آبادی تک طبی سہولیات کی فراہمی کے لیےجناح میڈیکل کمپلیکس کے زیر اہتمام ذیلی طبی مرکز کی تعمیر کیلئے کام کیا جائے۔ وزیراعظم کو دی گئی بر یفنگ میں بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے لیے مطلوبہ زمین حاصل کر لی گئی ہے اور ڈیزائن کنسلٹنٹ کا انتخاب بھی کر لیا گیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق منصوبے کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو جناح میڈیکل کمپلیکس و ریسرچ سینٹر کی تعمیر کے حوالے سے اب تک اٹھائے گئے انتظامات، کارکردگی اور پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو باہمی تعاون سے اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی خصوصی ہدایات دیں۔