اسلام آباد ( نیو زرپورٹر،خصوصی نامہ نگار،نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی کو وفاقی دارالحکومت کے ایچ الیون قبرستان میں نمازِ جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا ، ممتاز کالم نگار ،دانشور اور شاعر کی نمازِ جنازہ حافظ نسیم خلیل نے پڑھائی،وزیر اعظم شہباز شریف اور ن لیگ کے صدر محمد نواز شریف کی متوقع آمد کی وجہ سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے ، نماز جنازہ میں مرحوم کے بیٹے عمران صدیقی، نعمان صدیقی اور بھائی شاہد صدیقی کے علاؤہ وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ ، عطاء اللہ تارڑ ، چوہدری سالک حسین، رانا ثناء اللہ، امیر مقام ،حنیف عباسی ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ،۔بلال کیانی ،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر، سینیٹر سیف سرمد علی، سینیٹر پرویز رشید ، جنرل (ر) قیوم ملک ،سینیٹر ناصر بٹ، سلیم مانڈوی والا، احمد رضا قصوری ، اعجاز الحق ، ڈاکٹر جمال ناصر ، سردار نسیم ، راحت قدوسی ، ظفر بختاوری حاجی ظفر، راجہ ظریف اور دیگر سیاسی رہنما بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے،شرکاء نے عرفان صدیقی کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا،دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف منگل کی شام مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور ممتاز دانشور سنیٹر عرفان صدیقی مرحوم کے گھر پہنچ گئے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے مرحوم کے بڑے بیٹے عمران صدیقی اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔