• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

این آئی سی وی ڈی، 16 گھنٹے طویل نایاب دل کا آپریشن کامیاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) کراچی میں ایک 16 سالہ مریض کا 16 گھنٹے طویل نایاب دل کا آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا، جس میں پہلی بار پاکستان میں “ٹوٹل آرچ ریپلیسمنٹ ود فریزَن ایلیفینٹ ٹرنک ٹیکنیک” استعمال کی گئی۔ یہ پیچیدہ سرجری خیرپور سے تعلق رکھنے والے مریض پر انجام دی گئی۔سرجری کی نوعیت کے پیش نظر ترکیہ سے عالمی شہرت یافتہ کارڈیوویسکیولر سرجن پروفیسر اورسے کِزل ٹیپے کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا جنہوں نے این آئی سی وی ڈی کی ٹیم کے ساتھ مشترکہ طور پر آپریشن مکمل کیا۔ ٹیم میں ڈاکٹر خزیمہ طارق، پروفیسر اسد بلال اعوان، ڈاکٹر فہد (کارڈیوویسکیولر سرجن، ٹراما سینٹر کراچی) اور پروفیسر امین خوجہ (اینستھیزیولوجسٹ) شامل تھے۔ڈاکٹر خزیمہ طارق کے مطابق یہ سرجری دل کے امراض کے علاج میں ایک اہم پیش رفت ہے جس میں بغیر ڈی ایچ سی اے کے آؤرٹک آرچ کی تبدیلی اور ٹی ای وی اے آر کا نفاذ شامل تھا۔ پروفیسر اسد بلال اعوان نے بتایا کہ یہ ایک نایاب طریقہ کار ہے جو دنیا کے چند ترقی یافتہ مراکز میں ہی انجام دیا جاتا ہے۔پروفیسر امین خوجہ کے مطابق 16گھنٹے طویل آپریشن کے دوران مریض کی حالت مستحکم رکھنا اینستھیزیا کے لحاظ سے ایک بڑا چیلنج تھا، تاہم مریض اب صحت یاب ہو رہا ہے اور اس کی حالت تسلی بخش ہے۔
اہم خبریں سے مزید