اسلام آباد(ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار)تحریک تحفظ آئین نے الزام لگایا ہےکہ27 آئینی ترمیم سے پاکستان کی عدالتوں کو داغدار کر دیا گیا ہے، آئین کو مسخ کر کے چند افراد کو نوازا گیا ہے، حکومت نے 27 آئینی ترمیم کےذریعے چار جھوٹے خدا بنائے ہیں،خود کو مستثنیٰ قرار دینے والوں کے ارادے خطرناک ہیں، اب ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے،27 آئینی ترمیم میں ووٹ دینے والوں نے اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے، منگل کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ،سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ ، سینیٹر (ر)مصطفی نواز کھوکھر ودیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ سینیٹر راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ آئینی ترمیم سے انسانوں کو خدا بنا دیا گیا ہے ،جو بھی کرئے اس سے کوئی بھی پونچھنے والا نہیں۔27 آئینی ترمیم سے پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے،پیپلز پارٹی جو خود کو جمہوریت کی چمپئن کہتی ہے وہ بھی اس ترمیم میں شامل ہے،27 آئینی ترمیم کے زریعے حکومت نے پاکستان کے آئین پر حملہ کیا ہے،مفاد پرستوں نے ذاتی مفاد کےلیے ترامیم کر کے عوام کو دھوکا دیا، یہ آپ سے ووٹ مانگنے آئیں گے۔