پشاور(این این آئی)وزیرِ صحت خیبر پختونخوا خلیق الرحمان اور سیکرٹری صحت شاہداللہ خان کی ہدایات پرمحکمہ صحت خیبر پختونخوا کے توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (EPI)کے زیرِ اہتمام خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی مہم کو کامیاب بنانے سے متعلق ایک سیمینار کا انعقاد ہوا جس میں مذہبی طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماء ، خطیب حضرات ،و مذہبی رہنماؤں اورسکالرز ، ڈائریکٹر ای پی آئی خیبر پختونخوا ڈاکٹر اصغر خان، ڈاکٹر انعام اللہ (یونیسف)، پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے ڈاکٹر بوار شاہ، پروفیسر عقیل، ڈاکٹر گوہر امین، اور ڈاکٹر کامران قریشی (یونیسف) بھی شریک ہوئے۔شرکاء نے خسرہ و روبیلا مہم کی کامیابی کے لیے مذہبی طبقے کے کردار کو انتہائی مؤثر، مثبت اور ناگزیر قرار دیا۔ علما کرام ، مذہبی سکالرز اوردیگر مقررین نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی صحت اور زندگی کا تحفظ دینِ اسلام کی بنیادی تعلیمات میں شامل ہے، اور عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوا ئیں اور بیماریوں سے محفوظ رکھیں۔علمائے کرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جمعہ کے خطبات، دروس، مساجد، مدارس اور عوامی اجتماعات میں خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔