• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے ایم یو میں ریجنل بلڈسنٹر پشاور کے اشتراک سے بلڈ ڈونیشن کیمپ کاانعقاد

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) انسٹیٹیوٹ آف پیتھالوجی اینڈ ڈائیگناسٹک میڈیسن اورکے ایم یو ہسپتال کے زیر اہتمام ریجنل بلڈسنٹر پشاور کے تعاون سے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیاجس میں فیکلٹی ممبران، ہسپتال کے کنسلٹنٹس اور طلباء نے بھرپور جذبے کے ساتھ شرکت کی۔بلڈ ڈونیشن کے فروغ اور آگاہی کے لئے کے ایم یو بلڈ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے ڈونر موٹیویشن سیشن کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کی اہمیت اور انسانی زندگیوں کو بچانے میں اس کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی گئی۔کیمپ میں عطیہ دہندگان کی صحت اور اہلیت کو یقینی بنانے کے لئے رضاکاروں کی پری ڈونیشن اسکریننگ کی گئی جس میں ہیموگلوبن لیول، وزن، قد اور طبی سابق تاریخ کا تفصیلی جائزہ شامل تھا ، موق پر طلباء کا ایچ بی ٹیسٹ کیا گیا جبکہ ماہر امراض خون (ہیماٹولوجسٹ) نے مفت مشاورت فراہم کی اور ہیموگلوبن کی سطح کو بہتر رکھنے کے لئے تجاویز دیں۔کیمپ میں جمع شدہ خون کو ٹرانسفیوژن سے منتقل ہونے والی بیماریوں جیسے ہیپاٹائٹس بی، ہیپاٹائٹس سی، ایچ آئی وی، ملیریا اور سفلس کے ٹیسٹ سے گزارا جائے گا تاکہ مریضوں کے لئے محفوظ اور معیاری خون فراہم کیا جا سکے۔کیمپ میں ’’وال آف اپریسی ایشن‘‘ بھی لگائی گئی جس پر عطیہ دہندگان کے تاثرات درج کئے گئے جبکہ ڈاکٹروں اور طلباء کے درمیان دوستانہ مقابلہ کرایاگیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے بھی خون عطیہ کیا اور اپنے خطاب میں خون کے عطیے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل کئی قیمتی جانوں کو بچانے کا ذریعہ بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کے ایم یو ہسپتال صوبے کا پہلا اور واحد ہسپتال ہے جو متبادل ٹرانسفیوژن کے خاتمے کے عزم کے ساتھ خالص رضاکارانہ خون عطیہ کلچر کو فروغ دے رہا ہے تاکہ مریضوں کو بغیر تبادلے یا معاوضے کے خون فراہم کیا جا سکے۔
پشاور سے مزید