اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کا دورہ بنگلہ دیش مکمل ہوگیا، جہاں انہوں نے اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور علاقائی و بحری سلامتی سمیت دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ نیول چیف کا یہ دورہ اس وقت ہوا جب پاک بحریہ کا جنگی جہاز پی این ایس سیف چٹاگانگ کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہے، پاک بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دورے کے دوران ایڈمرل نوید اشرف نے بنگلہ دیشی بری فوج کے سربراہ جنرل وقار الزمان، سربراہ بحریہ ایڈمرل ایم ناظم الحسن، فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان اور آرمڈ فورسز ڈویژن کے پرنسپل اسٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرل حسن سے ملاقاتیں کیں۔ بیان کے مطابق ان ملاقاتوں میں باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔