کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کراچی کے وکلا نے 27 ویں آئینی ترمیم سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردی جبکہ کراچی بار ایسوسی ایشن نے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس منصور علی شاہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے 27ویں ترمیم کے خلاف آج جمعہ کو عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے وکلا نے 27 ویں آئینی ترمیم سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردی۔ آئینی درخواست آصف وحید ایڈووکیٹ نے ابراہیم سیف الدین ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی ہے۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم کو غیر آئینی قرار دیا جائے۔ وفاقی آئینی عدالت بنانے سے روکا جائے۔ 70 سال سے تمام آئینی فیصلے سپریم کورٹ کررہی ہے۔ ترمیم کے بعد سپریم کورٹ کے ان فیصلوں کا اطلاق وفاقی آئینی عدالت پر نہیں ہوگا۔