• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میتھائل برومائیڈ اسکینڈل میں ملوث افسر کو ڈپٹی ڈائریکٹر تعینات کر دیا گیا

اسلام آباد (قاسم عباسی) محکمہ تحفظ نباتات (DPP) میں ایک بڑا تنازع پیدا ہو گیا ہے کیونکہ میتھائل برومائیڈ کی درآمد کے سنگین اسکینڈل میں ملوث افسر سید مزمل حسین کو ایک اہم ریگولیٹری عہدے پر ڈپٹی ڈائرکٹر تعینات کر دیا گیا ہے، جیسا کہ دی نیوز کے پاس دستیاب سرکاری دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے۔ یہ تقرری ایسے وقت ہوئی ہے جب ایک سرکاری رپورٹ میں مزمل حسین اور چھ دیگر افسران کے خلاف قانونی خلاف ورزیوں اور نجی کمپنی کے ساتھ ملی بھگت کے الزامات پر تادیبی کارروائی اور معطلی کی سفارش کی گئی تھی۔ 5 اکتوبر 2025 کے دفتر کے آرڈر کے مطابق مزمل حسین کو ڈپٹی ڈائریکٹر (قرنطینہ)، DPP، ہیڈکوارٹرز میں منتقل کیا گیا اور اضافی طور پر انہیں "ڈپٹی ڈائریکٹر (پیسیٹائیڈ رجسٹریشن) اور IPPC کانٹیکٹ پوائنٹ کے فرائض" بھی سونپے گئے۔ اس سے قبل وہ اینٹومولوجسٹ کے طور پر کام کر رہے تھے۔ رابطہ کرنے پر مزمل حسین نے پہلے اپنی نئی تعیناتی کی تصدیق کی لیکن جب ان سے معطلی کے معاملے پر سوال کیا گیا تو انہوں نے کوئی جواب دینے سے انکار کر دیا اور خاموش رہنے کو ترجیح دی۔ گزشتہ روز دوبارہ رابطہ کرنے پر بھی انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ ڈاکٹر باسیط ڈپٹی ڈائریکٹر DPP نے کہا، "مزمل حسین وہ افسر ہیں جو میتھائل برومائیڈ کی غیر قانونی درآمد میں ملوث ہیں اور رجسٹریشن سیکشن میں دوبارہ ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر تعینات کیے گئے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا "یہی شخص ہے جس نے ریکارڈ میں ہیر پھیر کی اور رجسٹریشن کے لیے سفارش کی۔ حالانکہ وہ معطل ہیں، پھر بھی انہیں نئے عہدے پر منتقل کیا گیا ہے۔" یہ تقرری حالیہ محکمہ جاتی تحقیقات کی سفارشات کے برعکس ہے، جس میں M/s Pest Management Services (PMS) اور دو دیگر کمپنیوں کے میتھائل برومائیڈ کے درآمدی احکامات منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ رپورٹ جس کے ذرائع کے مطابق تعیناتی سے پانچ ہفتے قبل سیکریٹری کے دفتر میں بھیجی گئی تھی، واضح طور پر مزمل حسین کے خلاف تادیبی کارروائی اور معطلی کی سفارش کرتی تھی۔
اہم خبریں سے مزید